تہران،: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ جو اسی امریکی اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئی تھیں جس میں ان کے شوہر شیہد ہوئے تھے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔
ایران میں جاری فوجی آپریشن طویل جنگ میں تبدیل نہیں ہو گا: امریکہ
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران نے پُرامن اور معقول ڈیل کے لیے مذاکرات سے انکار کیا اور تہران مذاکرات کے نام پر وقت ضائع کر رہا تھا تاکہ ایٹمی پروگرام دوبارہ شروع کرسکے، امریکی صدر ٹرمپ ایسی چالوں اور کھیلوں کا حصہ نہیں بنتے۔
واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایٹمی عزائم کی آڑ میں وقت حاصل کرنے کی ایرانی حکمت عملی ناکام بنا دی، ایران میں جاری فوجی آپریشن طویل جنگ میں تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی بم کے لیے جھوٹ بول کر روایتی بندوق تان رہا تھا، اوباما کے دور میں ایران کی جھوٹی حکمت عملی کامیاب ہوچکی تھی ایرانی نظام کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے موت کا تحفہ دیا گیا۔
وزیردفاع نے بتایا کہ آپریشن کا مقصد تہران کے میزائل پروگرام اور سیکیورٹی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا ہے ایران جیسے نظام کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہوسکتے، ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کاٹرمپ کے پاس حوصلہ ہے امریکی مفاد کے تحفظ کے لیے ہچکچاہٹ کے بغیر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ہم صدر ٹرمپ کی شرائط کے مطابق جنگ ختم کریں گے جنگ کے آغاز سے انجام تک تمام ضوابط امریکہ نے طے کیے، امید ہے ایرانی عوام سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ایرانی سیکیورٹی فورسز عقلمندی کا انتخاب کریں ایران میں جاری مشن فیصلہ کن اور حتمی ہے۔




