جموں: منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں جموں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن نگروٹہ کی ایک ٹیم نے ایس ڈی ایچ جگنی کالونی کے نزدیک قومی شاہراہ کی جانب سے جگتی ٹائون شپ کی طرف آ رہے بغیر نمبر پلیٹ کے ایک موٹر سائیکل (سپر اسپلینڈر) کو روکا جس پر سوار افراد مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھ گچھ پر موٹر سائیکل چلانے والے نے اپنی شناخت فرید ولد حاجی ظہور ساکن گوسائیں چک پھلیاں منڈل جموں جبکہ پچھلی سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنی شناخت یونس عالم ولد طاہر ساکن سمبل باری ضلع پورینا بہار حال گوسائیں چک پھلیاں منڈل جموں کے طور پر ظاہر کی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران موٹر سائیکل چلانے والا جائے موقع سے فرار ہونے کامیاب ہوا تاہم تلاشی کے دوران پچھلی سیٹ پر بیٹھے شخص کی تحویل سے ایک چھوٹا شفاف پالیتھین پیکٹ بر آمد کیا گیا جس میں7.3 گرام ہیروئن جیسا مواد موجود تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم بر آمد شدہ منشیات کے بارے میں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا اور اس نے انکشاف کیا کہ فرار ہونے والے ملزم فرید کے پاس بھی ہیروئن جیسا مواد ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں افراد نے مجرمانہ سازش کے تحت نوجوانوں میں منشیات کو فروخت/ تقسیم کرنے کے لئے یہ ممنوعہ مواد اپنے پاس رکھا تھا اور موٹر سائیکل کو اس کی ترسیل کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس طرح دونوں ملزموں نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت قابل سزا جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگروٹہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 3/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔





