جموں،: جموں پولیس نے عوامی مقام پر پستول دکھانے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور دونوں کو گرفتار کرکے ایک پستول اور دو میگزین بر آمد کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ قابل اعتماد اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ستواری کی ایک ٹیم نے بی ایس ایف کی 13 بٹالین کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو مبینہ طور پر کھلے عام عوامی مقام پر پستول دکھا رہے تھے جس کے باعث مقامی آبادی میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزموں کی شناخت منظور حسین ولد نور حسین ساکن بدھوری بری برہمنہ سانبہ اور سورج ولد اوم پرکاش ساکن بری برہمنہ سانبہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آتشیں اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے آزادنہ طور پر گھوم رہے تھے جس سے عوامی نظم و نسق متاثر ہو رہا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ستوری اور بی ایس ایف 13 بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے دونوں ملزموں کو گرفتار کیا جس کے بعد ان کے خلاف آرمز ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر249/2025 درج کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایک پستول اور دو میگزین بر آمد کئے گئے جبکہ ایک پستول نما کھلونا بھی قبضے میں لیا گیا جسے مبینہ طور پر عوام میں خوف پھیلانے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق عوامی مقامات پر بغیر کسی اجازت کے آتشیں اسلحہ رکھنا اور اس کی نمائش کرنا عوامی سلامتی اور امن و امان کے لئے سنگین خطرہ ہے۔
یو این آئی





