سری نگر: منشیات کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے سوپور پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوپور پولیس اسٹیشن نے بوٹینگو ہیر پورہ میں ایک کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے چرس جیسا مواد اور کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں بر آمد کی گئیں جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزم کی شناخت نثار احمد ملہ ولد محمد شعبان ملہ ساکن مقام شہید میر کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سوپور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 32/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مسلسل اور سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔





