ہفتہ, فروری ۱۴, ۲۰۲۶
13.3 C
Srinagar

کشمیر میں 24 فروری تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 24 فروری تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 14 اور 15 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 16 فروری کی شام سے 17 فروری صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 سے 24 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 25 اور 26 فروری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد میں 27 اور 28 فروری کو موسم ایک بار پھر خشک رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 24 فروری تک موسم میں بڑے پیمانے پر برف باری یا بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی کے بشیتر مقامات پر دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں پر عمل کریں جبکہ پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے رہنے کے خطرات رہتے ہیں۔
محکمے کے مطابق وادی کے بشیتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 0 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد مقام رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img