سرینگر:میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر کے ایک معروف شاعر ، ادیب اور براڈکاسٹر جناب عبدالاحد فرہاد کے انتقال پرگہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ نے جناب عبدالاحد فرہاد کی کشمیری زبان و ادب اور نشریاتی اداروں سے طویل ترین خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فرہاد سے میری کئی ملاقاتیں تھیں تاہم شہید ملت میرواعظ کشمیر کے ساتھ مرحوم کے بڑے ہی برادرانہ اور مشفقانہ روابط اور تعلقات تھے اور ہر اہم مرحلے پر مرحوم اپنے رفقا کے ہمراہ شہید رہنما سے ملاقات اور خصوصی انٹرویویز کیلئے میرواعظ منزل آتے رہتے تھے۔
میرواعظ نے مرحوم کی وفات کو زبان و ادب اور کشمیریت کا ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی اہلیہ ، صاحبزادیوںاور دیگر پسماندگان کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور متعلقین کیلئے صبر جمیل اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
اس دوران جناب میرواعظ نے شہر خاص کے کئی دیرینہ محبین جن میں مرحوم علی محمد کھر سکونت وازہ پورہ ایس آر گنج کی اہلیہ مرحومہ، مرحوم بشیر احمد کھر ساکنہ وازہ پورہ ایس آر گنج اور مرحوم غلام نبی آغا سکونت اقبال کالونی ایج ایم ٹی، مرحوم حاجی غلام نبی وانی سکونت گلاب باغ سرینگر شامل ہیںکی وفات پر مرحومین کے فرزندان خورشید احمد کھر،مشتاق احمد کھر، حاذق بشیر اور مختار احمد آغا ، طارق اقبال وانی اور بشارت اقبال وانی کے ساتھ تعزیت اور ہمدردیوں کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی جبکہ میرواعظ کی ہدایت پر الگ الگ وفود نے مرحومین کے گھرجاکر جناب میرواعظ کا تعزیت اور تسلیت کا پیغام پہنچایا اور مرحومین کیلئے ایصال ثواب کیا اور فاتحہ پڑھی۔





