ہفتہ, دسمبر ۱۳, ۲۰۲۵
12.5 C
Srinagar

اراضی فروخت فراڈ معاملے میں 4 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل:سی بی کے

سری نگر،: کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے ایک بڑے اراضی فروخت فراڈ معاملے میں چار ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائرکی ہے۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے ایف آئی آر نمبر23/2025 کے تحت ایک بڑے اراضی فروخت فراڈ معاملے میں چار ملزموں کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں ایک چارج شیٹ دائر کی ہے۔

ملزموں کی شناخت طارق احمد حجام ولد محمد رمضان حجام ، غلام حسن میر ولد غلام رسول میر، محمد سلطان عرف سلا ولد عبد الخالق میر اور عبدالرزاق ولد عبد الخالق میر ساکنان برتھانہ قمر واری سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق ان پر رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 420 اور 120 – بی کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ یہ کیس ایک شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزموں نے اراضی فروخت کا جھانسہ دے کر شکایت کنندہ اور اس کے والد سے 53 لاکھ روپیوں کی رقم وصول کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ونگ کی طرف سے کی گئی ابتدائی جانچ اور بعد ازاں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے باہمی ملی بھگت سے پوری رقم وصول کرنے کے باجود وہی اراضی دیگر افراد کو فروخت کر دی اور اس اراضی کے کچھ حصے اپنی ہی خاندان کے افراد کے نام منتقل کر دئے۔

ان کا کہنا ہے کہ زبانی اور دستاویزی شواہد کے باریک بینی سے جائزے کے دوران تفتیش کاروں نے یہ ثابت کر دیا کہ ملزموں نے ایک منظم مجرمانہ سازش کے تحت شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور برتھانہ سری نگر میں واقع 2.09 کنال اراضی کی مد میں ادا کی گئی رقم ناجائز طور پر ہتھیا لی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چارج شیٹ دائر کئے جانے کے بعد اب یہ معاملہ عدالتی فیصلے کے لئے تیار ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img