جموں: ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے سابق مرکزی وزیر داخلہ شیو راج پاٹل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے شیو راج پاٹل کو ایک با ایمان، نرم گفتار اور نہایت باوقار انسان قرار دیتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ شیو راج پاٹل طویل علالت کے بعد جمعہ کی صبح مہاشٹرا کے لاتور میں انتقال کر گئے۔
وہ 2004 سے 2008 تک مرکزی وزیر داخلہ رہے۔ اس سے قبل وہ 1991 سے 1996 تک لوک سبھا کے دسویں اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔
غلام نبی آزاد نے آنجہانی لیڈر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘شیوراج پاٹل جی کے انتقال کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ ہم ایک طویل عرصے
تک ساتھی تھے، مرکزی وزیر کے طور پر قریب سے کام کیا اور وہ 45 سال سے زیادہ عرصے سے ہمارے خاندانی دوست
بھی تھے’۔
انہوں نے کہا: ‘وہ ایک دیانتدار، نرم گفتار اور باوقار شخصیت کے مالک تھے، ان کا انتقال ایک نا قابل تلافی نقصان ہے’۔




