جموں: منشیات کے خلاف جاری کریک ڈائون میں جموں پولیس نے ایک خاتون سمیت تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد اور دو تیز دھار والے ہتھیار بر آمد کئے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ کی ایک ٹیم نے دلجیت چوک آر ایس پورہ کے نزدیک معمول کی گشت کے دوران ایک مشتبہ فارچونر گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرT1224DL0672D کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھ کر گاڑی میں سوار افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم مستعد اہلکاروں نے گاڑی کو روک کر اس میں سوار تین افراد کو موقع پر ہی دھر لیا۔
بیان کے مطابق ملزموں نے اپنی شناخت پریتم شنگھ عرف سیٹھی ولد موہن سنگھ ساکن جردا رام گڑھ، نارائن شرما عرف سونا ولد برتا لال شرما ساکن وجے پور وارڈ نمبر 1 ضلع سانبہ اور جسپریت کور عرف پریتی زوجہ نارائن سنگھ ساکن وجے نگر سانبہ کے طور ظاہر کی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران نارائن شرما کی تحویل سے6.92 گرام، پریتم سنگھ کی تحویل سے 7.12 گرام اور جسپریت کور کی تحویل سے3.8 گرام ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران مزید 150 گرام ہیروئن جیسا مواد اور دو تیز دھار والے ہتھیار بر آمد کئے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کل 170 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر229/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ جموں پولیس منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔





