ہفتہ, دسمبر ۶, ۲۰۲۵
11.8 C
Srinagar

لیڈر کو ’ویورشپ‘ کی ضرورت۔۔۔۔

آج کل کا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں سیاست دان اپنی گفتگو عوام تک پہنچانے سے پہلے ہی ’ویورشپ‘ کا رونا شروع کر دیتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ان کے بیانات کی وقعت اس وقت تک نہیں جب تک لاکھوں لوگ ایک ہی لمحے میں انہیں سنتے یا دیکھتے نہ ہوں۔ حالانکہ حقیقی لیڈر اپنی بات کے اثر سے پہچانا جاتا ہے، نہ کہ اس کی مقبولیت کے’ بیرومیٹر‘ سے۔حال ہی میں ایک واقعہ اسی طرزِ فکر کی نشاندہی کرتا ہے۔

ایک سیاست دان سے ایک صحافتی ادارے نے رابطہ کیا اور اسے انٹرویو کے لیے مدعو کیا، جسے آج کل کے جدید دور میں ’پوڈکاسٹ ‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس نئی اصطلاح پر سابق امریکی صدر باراک اوباما کا وہ تبصرہ بھی یاد آتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اب انٹرویوز کو زیادہ تر پوڈکاسٹ ہی کہا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اوباما نے جس صحافی سے گفتگو کی تھی، وہ کوئی مقبولِ عام یا بڑے نام والا میزبان نہیں تھا۔ اس کے باوجود سابق صدر نے محض اس لیے انکار نہیں کیا کہ سننے والوں یا دیکھنے والوں کی تعداد کم ہوگی۔ انہوں نے اپنی رائے اس لیے بیان کی کہ لیڈر کے نزدیک اصل اہمیت بات کی ہوتی ہے، اس بات کے اثر کی ہوتی ہے ، نہ کہ ویورشپ کی گنتی کی۔اصل لیڈر وہ ہے جو بولے تو لوگ اس کی طرف متوجہ ہوں، نہ کہ وہ پہلے سے متوجہ ہجوم کی تلاش میں سرگرداں پھرے۔ جو شخصیت اپنی بات کے لیے پہلے ہی بڑی تعداد کی متقاضی ہو، وہ دراصل راہنما نہیں بلکہ معمول کا سیاست دان یا بہتر الفاظ میں ’سیاست کار‘ کہلاتا ہے۔

سیاست اور قیادت میں یہی بنیادی فرق ہے۔جس ادارے نے اس سیاست دان سے رابطہ کیا، وہ جموں و کشمیر کے معتبر صحافتی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے وجود کا انحصار کسی ایک راہنما کی گفتگو پر نہیں۔ ایک ادارہ اپنی ساکھ کو صحافتی ذمہ داریوں سے ثابت کرتا ہے، نہ کہ کسی سیاسی شخصیت کی خوشنودی سے۔ اس لیے اگر کوئی راہنما صرف’ کم ویورشپ‘ کا بہانہ بنا کر اپنی بات کہنے سے گریز کرے تو اسے پہلے اپنے اندر جھانک کر دیکھنا چاہیے کہ آیا وہ واقعی قیادت کے قابل بھی ہے یا نہیں؟۔

وقت بدل رہا ہے، دنیا ترقی کی نئی منازل طے کر رہی ہے۔ جدید میڈیا نے رابطے کے ذرائع کو بے حد آسان بنا دیا ہے۔ اس لیے عوامی نمائندوں کو بھی چاہیے کہ وہ قدیم سوچ اور دقیانوسی رویوں کو ترک کریں۔ لیڈرشپ وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں بہانے ختم ہوتے ہیں۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img