منگل, دسمبر ۲, ۲۰۲۵
12.8 C
Srinagar

وادیٔ کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں ،سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ

سرینگر، : کشمیر، جموں اور لداخ کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ رات کے درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور متعدد مقامات پر پارہ نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا۔

آزاد موسمیاتی پلیٹ فارم کشمیر ویدر کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق، وادیٔ کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں  کم از کم درجۂ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ منفی 2.4 ڈگری پر رہا۔ سیاحتی مقامات بھی شدید سردی کی زد میں رہے، پہلگام میں درجۂ حرارت منفی 2.2 ڈگری جبکہ گلمرگ میں 0.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کا سب سے سرد مقام شوپیان رہا، جہاں پارہ منفی 5.0 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔

دیگر اہم مقامات میں کپواڑہ منفی 3.1 ڈگری، ککرناگ منفی 0.6 ڈگری، بانڈی پورہ منفی 3.1 ڈگری، بارہمولہ منفی 4.3 ڈگری، پلوامہ منفی 3.8 ڈگری، بڈگام منفی 3.1 ڈگری، اونتی پورہ منفی 3.0 ڈگری اور اننت ناگ منفی 3.7 ڈگری ریکارڈ کیے گئے۔ پانمپور میں پارہ منفی 4.2 ڈگری، گاندربل منفی 1.8 ڈگری اور سونمرگ منفی 0.7 ڈگری رہا۔

جموں خطے میں اگرچہ سردی نسبتاً کم رہی، تاہم کئی مقامات پر درجۂ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا۔ جموں شہر میں کم از کم درجۂ حرارت 8.6 ڈگری جبکہ کٹرا میں 8.5 ڈگری سیلسیس رہا۔ خطے کا سرد ترین مقام بانہال رہا، جہاں پارہ منفی 0.5 ڈگری تک گر گیا۔

دیگر مقامات میں بٹوت 4.8 ڈگری، بھدرواہ 0.9 ڈگری، کٹھوعہ 8.2 ڈگری، ادھمپور 3.6 ڈگری، رام بن 4.4 ڈگری، سانبہ 2.6 ڈگری، راجوری 2.2 ڈگری، کشتواڑ 4.0 ڈگری، ریاسی 6.5 ڈگری اور ڈوڈہ 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیے گئے۔

لداخ کے سرد و خشک صحرا میں بھی رات کے درجۂ حرارت میں مزید کمی آئی، لہیہ میں منفی 6.6 ڈگری اور کرگل منفی 4.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جبکہ نُبرا ویلی میں بھی پارہ منفی 5.0 ڈگری رہا۔

محکمہ موسمیات نے اگلے سات روز تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم 3 اور 4 دسمبر کو بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


Popular Categories

spot_imgspot_img