سری نگر: جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے حادثاتی دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘وزیر اعلیٰ نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جس میں قیمتی جانوں کا زیاں اور متعدد زخمی ہوئے ہیں’۔
انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ نوگام پولیس سٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے سے گہرا دکھ ہوا جس میں 9 قیمتی جانیں چلی گئیں اور متعدد زخمی ہوئے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ان خطرات اور مشکل حالات کو ظاہر کرتا ہے جن میں ہمارے پولیس اہلکار لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں’۔محبوبہ مفتی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔واضح رہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں گذشتہ شب ایک حادثاتی دھماکہ ہوا جس میں 9 افراد کی موت جبکہ 32 دیگر زخمی ہوگئے جن میں بیشتر پولیس اہلکار شامل ہیں۔





