سری نگر: حکام نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دہلی کار دھماکے کے ملزم ڈاکٹر عمر نبی کے رہائشی مکان کو منہدم کر دیا۔حکام نے بتایا کہ اس مکان کو دوران شب کنٹرول شدہ دھماکے سے منہدم کر دیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا تھا اور مکینوں کو پہلے ہی اس مکان سے نکالا گیا تھا۔
اب تک کی تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر عمر وہ ہیونڈائی آئی 2 چلا رہا تھا جو دھماکہ خیز مواد سے لدی ہوئی تھی۔ دھماکے کی جگہ سے جمع کیے گئے ڈی این اے کے نمونے ڈاکٹر عمر کی والدہ سے ملنے کے بعد ان کی شناخت کی تصدیق ہوئی ہے۔
گرچہ جموں وکشمیر پولیس نے مذکورہ مکان منہدم کرنے کے بارے میں ابھی کوئی با قاعدہ بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں نوجوانوں کو ملی ٹنسی سے باز رکھنے کے لئے انجام دی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیوں کا مقصد یہ پیغام بھیجنا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوثین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی انجام دینے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔
یو این آئی





