جموں،: معاشرے سے منشیات کے ناسور کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی 12 لاکھ روپیے مالیت کی منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی 12 لاکھ روپیے مالیت کی گاڑی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر114/2025 کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم عبد الواحد ولد عبدالرشید ساکن گرنائی اودھم پور نے ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK14J – 9447 منشیات کے کاروبار سے حاصل شدہ رقم سے خریدی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے مطابق مذکورہ گاڑی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(ایف) کے تحت مزید قانونی کارروائی کے لئے ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس نے رواں سال کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ سے متعلق مقدمات میں مجموعی طور پر 10.62 کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں اودھم پور پولیس کے منشیات سے پاک ضلع بنانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔





