سری نگر: وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر شبانہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔محکمے نے کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں میں زراعت سے متعلق کام دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 6 سے 16 نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 17 اور 18 نومبر کو موسم جزوی سے مجموعی طور ر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ آنے والے دنوں میں وادی کے کئی مقامات پر درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں میں زراعت سے متعلق کام دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
موصوف ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب10.2 اور16.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں 14.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں 12.2 ملی میٹرا بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔




