سری نگر: وزیر تعلیم سکینہ یتو نے اسمبلی میں بتایا ہے کہ محکمہ نے لیکچررز سمیت تمام تدریسی عملے کی منتقلی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور طویل مدت سے ایک ہی جگہ پر تعینات اساتذہ کی منتقلی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
اسمبلی میں رکن اسمبلی ایڈوکیٹ وجے کمار کے سوال کے جواب میں محکمہ نے کہا کہ محکمہ نے 24 اپریل 2023 کو نوٹیفکیشن نمبر 103 کے تحت نئی منتقلی پالیسی نافذ کی ہے، جس کے مطابق تمام تبادلے آن لائن موڈ کے ذریعے کیے جاتے ہیں، سوائے اُن صورتوں کے جہاں فوری انتظامی ضرورت درپیش ہو۔
پالیسی کے مطابق جموں و کشمیر کے اسکولوں کو پانچ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ،انتظامی عہدوں جیسے چیف ایجوکیشن آفیسرز، پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور زڈ ای اوز کے لیے تعیناتی مدت دو سال (زیادہ سے زیادہ تین سال) رکھی گئی ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ تقریباً 300 لیکچررز، جو جموں، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں اور فی الوقت دیگر ’ہارڈ زون‘ علاقوں میں تعینات ہیں، اُن کی منتقلی کے لیے تجاویز زیر غور ہیں۔
جواب میں کہا گیا کہ نوٹیفکیشن نمبر 082 کے تحت 18 جولائی 2024 کو تمام کیڈرز کے اساتذہ سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں، اور اب ان درخواستوں کی بنیاد پر منتقلی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔




