سری نگر: جموں و کشمیر حکومت نے ایوان میں کہا ہے کہ وہ اپریل 2025 سے انتیودیا انا یوجنا (اے اے وائی) استفادہ کنندگان کو 10 کلو گرام اضافی مفت راشن فراہم کر رہی ہے، جبکہ ان خاندانوں کو 12 ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کی تجویز ابھی زیر غور ہے۔
ایوان میں بدھ کے روزمحکمہ خوراک، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز (ایف سی ایس اینڈ سی اے) کے پیش کردہ رپورٹ کے مطابق اضافی راشن حکومت کے حکم نمبر جے کے (ایف سی ایس اینڈ سی اے – 25 مورخہ 2 اپریل 2025 کی روشنی میں تقسیم کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد ے اے وائی گھرانوں کی ماہانہ خوراک کی ضروریات کو بڑھانا ہے جن کا کنبہ 4 یا اس سے زیادہ افراد پر مشتمل ہو۔
محکمہ کی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ تقسیم میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس ) کے تحت استفادہ کنندہ 10 کلوگرام سے زیادہ راشن حاصل نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم، اے اے وائی خاندانوں کو 12 ایل پی جی سلنڈروں کی فراہمی ایک پالیسی معاملہ ہے اور فی الحال حکومت کے ساتھ زیر غور ہے۔
فنڈز مختص کرنے کے حوالے سے محکمہ نے بتایا کہ اضافی راشن کی خریداری کے لیے کوئی علاحدہ فنڈز مختص نہیں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق استفادہ کنندگان میں اناج مفت تقسیم کیا جاتا ہے، جبکہ خریداری، لوڈنگ، ان لوڈنگ اور دیگر اجزاء کے اخراجات محکمہ کے ریوالونگ فنڈ اکاؤنٹ سے پورے کیے جاتے ہیں۔





