بدھ, اکتوبر ۲۲, ۲۰۲۵
16.3 C
Srinagar

جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان، اپوزیشن حکومت کو گھیرنے کی تیاری میں

سری نگر:جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات سے شروع ہو رہا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اجلاس خاصا ہنگامہ خیز ثابت ہوگا، کیونکہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کو انتخابی وعدوں، طرزِ حکمرانی، ریاستی درجہ اور ریزرویشن پالیسی جیسے معاملات پر گھیرنے کی تیاری میں ہیں۔
بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نیشنل کانفرنس (این سی) کی قیادت والی حکومت سے انتخابی وعدوں کی خلاف ورزی پر جواب طلب کرے گی۔
انہوں نے کہا،’حکومت نے انتخابات کے دوران جو وعدے عوام سے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ چاہے وہ ہر گھر کو 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ ہو، 12 ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کا اعلان ہو یا روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا دعویٰ سب کھوکھلے ثابت ہوئے۔‘
موصوف لیڈر کے مطابق بی جے پی حکومت سے نوجوانوں کے روزگار سے متعلق وعدوں پر وضاحت طلب کرے گی۔ ان کے بقول،’انتخابات میں کہا گیا تھا کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو ملازمت دی جائے گی، لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ہم پوچھیں گے کہ نوجوانوں کے لیے آخر کیا اقدامات کیے گئے؟‘
دوسری جانب، وادی کی علاقائی جماعتیں جیسے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، پیپلز کانفرنس (پی سی) اور عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) ریاستی درجہ کی بحالی، ریزرویشن میں اصلاحات، اور دیگر عوامی مسائل کو لے کر ایوان میں احتجاج کا منصوبہ رکھتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اسمبلی سیکریٹریٹ نے پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون کی جانب سے ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کو یہ کہہ کر نامنظور کر دیا ہے کہ یہ معاملہ فی الحال عدالت کے زیرِ غور ہے۔
اسی اجلاس میں حکومت تین اہم بل پیش کرنے جا رہی ہے جنہیں کابینہ سے منظوری مل چکی ہے۔ ان میں جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 اور گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ایکٹ 2017 میں ترمیمات شامل ہیں، جبکہ جموں و کشمیر شاپس اینڈ بزنس اسٹیبلشمنٹ بل 2025 کو بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق، اس اجلاس کے لیے اب تک 450 سوالات، 13 نجی اراکین کے بل اور 55 نجی اراکین کی قراردادیں موصول ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، گزشتہ اجلاس میں پیش کیے گئے 33 بلز بھی زیرِ التواء ہیں جنہیں 28 اکتوبر کو طے شدہ ’پرائیویٹ ممبرز ڈے‘ کے موقع پر ترجیحی بنیاد پر زیرِ بحث لایا جائے گا۔

بی جے پی ہمیں نہیں ہم بی جے پی کو گھیریں گے: شمیمہ فردوس

نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی حبہ کدل شمیمہ فردوس نے بدھ کے روز فتح کدل کے آگ متاثرہ علاقہ بونہ محلے کا دورہ کیا اور اس دوران متاثرین سے بات چیت کی اور انہیں حکومت کی طرف سے بھر پور امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے اس موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘حبہ کدل سب سے زیادہ گنجان آبادی والا علاقہ ہے، یہاں آگ کی وجہ سے پانچ مکان مکمل طور پر خاکستر ہوئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘انتظامیہ متاثرین کی بھر پور مدد کرے گی اور ہم یہ معاملہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بھی اٹھائیں گے’۔
بی جے پی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا: ‘وہ اسمبلی میں ہمیں کیا گھیریں گے ہم ان کو گھیریں گے کیونکہ یہاں جو تباہی ہے اس کی وجہ بی جے پی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی اگر نہیں ہوتی تو یہاں یہ تباہی نہیں ہوتی، یہاں متوازی حکومت چلائی جا رہی ہے، ہم اپنا کام چلا رہے ہیں’۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img