جموں: منشیات کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک پولیس ٹیم نے پوائنٹ فلاتہ نیشنل ہائی وے ریہام بل پر ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK13H – 8014 کو روکا جو ٹکری سے گھڑی کی طرف آ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور کی تحویل سے3.52 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔
ملزم کی شناخت عامر بشیر بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن ہری پورہ کلگام کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 161/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور واقعے میں اسی مقام پر دوران ناکہ چیکنگ ایک شخص کو دھر لیا گیا جو ٹکری سے گھڑی کی طرف پیدل آرہا تھا اور جس نے پولیس کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے5.26 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی موقع پر ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گرفتار شدہ کی شناخت ساحل سنگھ ولد موہن سنگھ ساکن منڈ اودھم پور کے طور پر کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 160/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔