سری نگر: وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کی مشہور پہاڑی علاقے افروٹ میں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جبکہ سری نگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں جمعہ کی صبح بارشیں ہوئیں۔ادھر موسم کی تازہ صورتحال سے وادی کے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوئی ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس پہننے پر مجبور کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کی مشہور چوٹی جو سطح سمندر سے 2 ہزار 6 سو 50 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب برف کی سفید چادر اوڑھ لی جس نے اس سیاحتی مقام کا حسن و جمال مزید دو بالا کر دیا۔
اس تازہ برف باری سے سیاحتی مقام پر موجود مقامی و غیر مقامی سیاح خوش نظر آ رہے ہیں جبکہ شعبہ سیاحت سے جڑے لوگوں کا کہنا ہے کہ تازہ برف باری غیر مقامی سیاحوں کے لئے کشمیر آنے کا محرک ثابت ہوسکتی ہے۔
ادھر سری نگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح بارشیں ہوئیں جس نے لوگوں کو گرم لباس زیب تن کرنے پر مجبور کر دیا۔
بالائی علاقوں میں لوگوں کو سردیوں میں استعمال کئے جانے والے روایتی لباس ‘پھیرن’ لگائے ہوئے دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ایک مضبوط مغربی ہوا 4 اکتوبر کو جموں و کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں داخل ہو رہی ہے جس کے اثر سے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اکتوبر کی صبح سے 7 اکتوبر تک اس کا زیادہ اثر رہ سکتا ہے۔