سری نگر: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ میں مختلف آگے والے علاقوں کا دورہ کیا۔
موصوف جی او سی جو 27 ستمبر کو لیہہ پہنچے تھے، نے وہاں تعینات فوجی جوانوں کے بلند حوصلے اور ثابت قدمی کے عزم کو سراہا۔
شمالی کمان نے اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے مشرقی لداخ اور قراقرم پاس میں تعینات سیاچن بریگیڈ، یونٹس کا دورہ کیا اور تمام رینکس کے بلند حوصلے اور ثابت قدمی کے عزم کی تعریف کی’۔
موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے سیاچن بیس کیمپ میں قومی پرچم کوئز جیتنے والوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے قومی جذبے اور لگن کو سراہا۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘پراتیک شرما نے سیاچن بیس کیمپ میں 7 ہزار میٹر سے زیادہ کی ایک بہت ہی مشکل چوٹی پر کوہ پیمائی کی مہم کو بھی جھنڈی دکھائی، ان کے ناقابل تسخیر جذبے کی تعریف کی’۔
قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل شرما نے 27 ستمبر کو لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا سے ملاقات کی اور تشدد سے متاثرہ لیہہ ٹاؤن کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کا مرکز سیکورٹی کے مجموعی منظر نامے، خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز، اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سول انتظامیہ اور مسلح افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر تھا۔