لہیہ:لداخ میں امن و قانون کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں سول انتظامیہ، پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے چوکس رہیں اور ہر سطح پرتال میل کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لئے بروقت اور پیشگی اقدامات لازمی ہیں۔ان کے مطابق،’لداخ کی سلامتی اور یہاں کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ‘
میٹنگ کے دوران صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی، حساس علاقوں میں کرفیو اور پابندیوں کا نفاذ، اور حالات پر قریبی نظر رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کشمیر سے بھی نیم فوجی دستوں کی اضافی کمپنیاں لداخ بھیجنے کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ لہیہ، کرگل اور دیگر قصبوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے لیکن تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔