جموں، : امن کی خلاف ورزی، امن و امان کے خدشات اور ممکنہ غیر قانونی اجتماعات کے پیش نظر حکام نے ضلع ڈوڈہ میں منگل کو دفعہ بی این ایس ایس 163 کے تحت امتناعی پابندیاں نافذ کی ہیں۔
ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ انیل کمار ٹھاکر کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، اگلے احکامات تک پورے ضلع میں چار یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
حکمنامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی فرد کو اشتعال انگیز تقاریر کرنے، نعرے لگانے یا ایسے اشارے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ عوام میں لاٹھیاں یا تیز دھار ہتھیار لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈوڈہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان پابندیوں کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ ڈوڈہ میں منگل کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے معراج ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتاری کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے، جس کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس جھڑپ میں ایک سینئر پولیس افسر سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔