فردوس وانی
سرینگر:،حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد سرینگر شہر کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ راجباغ، مہجور نگر، پادشاہی باغ، ڈلگیٹ، سونہ وار، بنڈ ،کرسو راجباغ سمیت درجنوں علاقوں میں پانچ روز سے پانی کی سپلائی معطل ہے، جس کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہری علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ نلوں میں پانی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے اُنہیںشدید ذہنی کوفت، اضطراب اور جسمانی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔متعدد مقامی افراد نے بتایا کہ وہ پانی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ کچھ کو قریبی علاقوں سے پانی لانے کے لیے سفر کرنا پڑ رہا ہے۔
راج باغ کے رہائشی محمد رفیق ڈار نے بتایا:’ہمارے گھروں میں پانچ دن سے ایک بوند پانی نہیں آیا۔ راجباغ نزدیکمسجد اویسہ، ایم پی لین اور ڈاکٹر ماجد وانی لین سمیت کئی علاقوں میں پانی مکمل بند ہے۔ ان دنوں میں بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ آج عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب سعید تھی ،لیکن آج بھی پانی کی سپلائی بحال نہیں ہوئی ۔، مہجور نگر، پادشاہی باغ، ڈلگیٹ، سونہ وار اور دیگر علاقوں سے بھی لوگوں نے پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا الزام عائد کیا ۔
دوسری جانب محکمہ جل شکتی کے ذرائعنے پانی کی معطلی کی وجوہات پر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ:’شہریوں کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث خدشہ ہے کہ آلودہ پانی سپلائی لائنوں میں شامل ہو سکتا ہے، اس لیے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔‘ادھرمحکمہ کے اعلیٰ حکام کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں متبادل طور پر واٹر ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری ہے جبکہ جہاں ضرورت ہو، وہاں کے لوگ متعلقہ محکمہ سے براہ راست رابطہ قائم کریں تاکہ فوری طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔ان کا کہناتھا کہ شہر میں صد فیصد پانی کی سپلائی فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔