سری نگر: معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کی ایک پارٹی نے معمول کی گشت کے دوران پرنگ علاقے میں ایک مشتبہ شخص کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ کی شناخت فرہاد خان ولد محمد عارفین خان ساکن گجر پتی پرنگ کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنگن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 58/2025 درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
پویس ترجمان نے کہا کہ گاندربل پولیس معاشرے سے منشیات کی وبا کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کی کامیابی کے لئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے یونین ٹریٹری میں منشیات کی وبا کے خاتمے کے لئے وسیع پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجے میں آئے روز منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے اور منشیات اسمگلنگ سے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کو بھی ضبط کیا جاتا ہے۔