بدھ, ستمبر ۳, ۲۰۲۵
16.2 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں دوپہر سے موسم میں بہتری متوقع

سری نگر: محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں بدھ کی دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 3 ستمبر کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ اس دوران صوبہ جموں اور جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں 3 ستمبر کی دوپہر سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 4 سے 7 ستمبر تک کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے مختصر مرحلے ممکن ہیں جبکہ اس دوران جموں صوبے میں کچھ مقامات پر درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ 8 سے 11 ستمبر تک جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں جبکہ بعد میں 11 ستمبر کی شام سے موسم میں ایک بار پھر بہتری متوقع ہے۔

محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں بالترتیب 64 ملی میٹر اور 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں اس دوران 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کپوارہ میں 2.9 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 82.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔جموں میں گذشتہ 24 گھنٹوں

کے دوران 86.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ بانہال میں 107.2 ملی میٹر، بٹوٹ میں 107.2 ملی میٹر،کٹرہ میں 212 ملی میٹر،بھدرواہ میں 116.2 ممملی میٹر اور کٹھوعہ میں 59.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں کہیں کہیں سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم، توی اور دوسرے دریائوں او ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

ایڈوائزری میں لوگوں سے الرٹ رہنے اور احتیاط کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ دریائوں، ندی نالوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے احتراز کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img