سری نگر،: محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے سبب حکام نے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریڈ الرٹ کا جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ، سامبہ، راجوری، پونچھ، رام بن، کشتواڑ اور جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں 2 ستمبر کی شام سے 3 ستمبر کی دو پہر تک درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 4 سے 7 ستمبر تک بھی کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 سے 11 ستمبر جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور بعد میں 11 ستمبر کی شام سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں اس دوران کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسک آنے کے خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔