ہفتہ, اگست ۳۰, ۲۰۲۵
26.2 C
Srinagar

محبوبہ مفتی کا مرکز سے جموں وکشمیر کے لئے فوری مالی امدادی پیکیج کا مطالبہ

سری نگر،: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر میں حالیہ سیلاب، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے متاثرین کے لئے اسی نوعیت کے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس نوعیت کا اعلان سال 2014 کے سیلاب کے وقت کیا گیا تھا۔

انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم اس وقت جموں صوبے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے جہاں کشمیر کے مقابلے میں زیادہ نقصان ہوا ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کیا۔


انہوں نے کہا: ‘ حالیہ سیلاب، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ نے جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور جموں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جانیں ضائع ہوئی ہیں، گھر تباہ ہوئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور کئی کنبوں کے پاس کچھ نہیں بچا ہے’۔

محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے متاثرین کے لئے مالی امدادی پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ‘ مرکزی حکومت کو فوری طور پر سال 2014 کے سیلاب کی طرح کے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے اور اس بار جموں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے جہاں سب زیادہ نقصان ہوا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور جموں و کشمیر حکومت کے درمیان ایک مربوط کوشش اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ متاثرہ لوگوں کو اس بحران سے باہر نکالیں۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img