سری نگر:لکڑی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی میں، شوپیاں پولیس نے محکمہ جنگلات کے ساتھ قریبی تال میل میں گذشتہ رات کو ضلع کے بورہالان علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک رہائشی احاطے سے غیر
قانونی طور پر حاصل کی گئی لکڑی کی ایک بڑی کھیپ برآمد کی۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک خصوصی انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس کی ایک ٹیم نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر ایک تلاشی آپریشن کے دوران جس کے نتیجے میں لکڑی کے 38 لاگز بر آمد کئے۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ لکڑی کو ایک رہائشی مکان کے احاطے میں چھپایا گیا تھا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس لکڑی کو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنے اور منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مقدار کی برآمدگی لکڑی کی غیر قانونی تجارت کی حد کو نمایاں کرتی ہے جو جنگلات کے تحفظ کی کوششوں کے لیے ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ برآمدگی کے بعد پولیس ا سٹیشن ہیرپورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ا سمگلنگ کی کوشش میں ملوث تمام افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوپیاں پولیس ضلع کے جنگلاتی وسائل کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے اور غیر قانونی فوائد حاصل کرنے کے لیے ان کا استحصال کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت نظر رکھے ہوئے ہے۔