سری نگر،:کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے زمین کی دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے ایک معاملے میں ایک پٹواری سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کے بعد درج کیا گیا جس میں شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ خورشید احمد بٹ، جو ایک پٹواری ہے، کی سربراہی میں ملزموں نے دھوکہ دہی سے زمین کا مالک ظاہر کیا اور موضع نونر، گاندربل میں 7 کنال اور 2 مرلہ زمین کی فروخت کا معاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ زمین کو دھوکہ دہی سے ملزموں کی ملکیت کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ بعد میں پتہ چلا کہ یہ ایک مہاجر کشمیری پنڈت کی ملکیت ہے اور کسی تیسرے فریق کے پاس پاور آف اٹارنی کے تحت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ دھوکہ دہی کا پتہ لگنے سے پہلے ہی کل 2.76 کروڑ روپیوں میں سے 1.19 کروڑ روپیے ادا کرچکا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘ابتدائی تحقیقات میں ایک مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا ہے جس میں جعلی دستاویزات، نقالی، اور جان بوجھ کر دھوکہ دینا شامل ہے، اس طرح انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 420، 468، 471، اور 120-بی کے تحت قابل سزا جرم ثابت ہوا ہے’۔
ملزموں کی شناخت خورشید احمد بٹ (پٹواری) ولد غلام نبی بٹ ساکن فتح پورہ گاندربل، غلام نبی بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن فتح پورہ گاندربل،عبدالرشید پرے ولد عبد الغنی پرے ساکن پاندچھ گاندربل اور سجاد احمد پرے ولد عبدالرشید پرے ساکن پاندچھ گاندربل کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے اور پولیس اسٹیشن، اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔