پیر, اگست ۱۸, ۲۰۲۵
18.2 C
Srinagar

کشتواڑ سانحہ: بچاؤ اور امدادی آپریشن مسلسل پانچویں روز بھی جاری

جموں،:جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے بادل پھٹنے سے متاثرہ چسوتی گاؤں میں پیر کو مسلسل پانچویں روز بھی بچاؤاور امدادی کا رروائیاں وسیع پیمانے پر جاری ہیں۔حکام نے بتایا کہ فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور مقامی انتظامیہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لاکر بچائو اور امدادی آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔

واضح رہے کہ کشتواڑ کے اس دورافتادہ اور مچیل مندر کی طرف جانے والے آخری موٹر یبل گاؤں چسوتی میں جمعرات کو بادل پھٹنے اور اس کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن فلیش فلڈ نے ہولناک تباہی مچا دی تھی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قدرتی آفت میں اب تک 63 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں سی آئی ایس ایف کے تین اہلکار اور ایک پولیس اسپیشل آفیسر بھی شامل ہیں، جبکہ 80 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 167 افراد کو نکالا ہے جن میں بعض شدید زخمی ہیں۔

ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کرنے کے لیے فوج اور ریسکیو ٹیمیں نے دھماکہ خیز مواد استعمال کر رہی ہیں تاکہ ملبے میں حائل بڑے پتھروں کو ہٹا دیا جائے۔

حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر اضافی فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کارروائی میں مزید سرعت لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن میں ڈاگ اسکاڈ بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔

بچائو اور امدادی آپریشن کی نگرانی کے لئے سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے سینئر افسران جائے موقع پر ہی لگاتار خیمہ زن ہیں۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img