سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی صبح خوشگوار موسم کے بیچ شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) سے ایک شاندار ترنگا یاترا کی قیادت کی۔
یہ ریلی باٹنیکل گارڈن میں اختتام پذیر ہوئی اور اس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
منوج سنہا نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’جھیل ڈل سے ترنگا یاترا کو جھنڈی دکھائی۔‘
انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ فخر کے ساتھ قومی پرچم کے احترام میں اس یاترا میں شامل ہوئے، جو ہمارے اتحاد،
فخر اور مشترکہ شناخت کی علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم نے اپنے آباؤ اجداد اور بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ترنگے کو پوری شان و شوکت کے ساتھ بلند رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔
منوج سنہا نے کہا کہ آج کا دن ہماری عظیم قوم کی کامیابیوں کا جشن منانے کا دن ہے تاہم، ہمیں اپنے فرائض کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے اور اپنی کامیابیوں کو استوار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا ہمیں فوج، سی اے پی ایف اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کی بنیاد پر جدید اور خوشحال
جموں و کشمیر کی عمارت کی تعمیر کا عزم بھی کرنا چاہیے۔
عمر عبداللہ نے اس موقع پر قومی پرچم کے اتحاد، امن اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا ترنگا تنوع میں ہندوستان کی طاقت کا مجسمہ ہے اور میں تمام لوگوں کو اس کے سیکولرازم اور بھائی چارے کے نظریات کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہے۔