جمعرات, اگست ۷, ۲۰۲۵
27.2 C
Srinagar

ہینڈ لوم کا قومی دن: سری نگر کے کشمیر ہاٹ میں ‘کرافٹ بازار’ کا اہتمام

سری نگر: ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر نے جمعرات کو ہینڈ لوم کے قومی دن کے موقع پر کشمیر ہاٹ سری نگر میں ایک ‘کرافٹ بازار’ کا اہتمام کیا۔

اس تقریب میں کشمیری ہینڈ لوم اور دستکاری کے شاندار ورثے کو پیش کیا گیا اور اس میں مقامی کاریگروں کے ہاتھوں سے تیار ہونے والے شاندار چیزوں کی بھی نمائش کی گئی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر مسرت الاسلام نے میڈیا کو بتایا: ‘نیشنل ہینڈ لوم ڈے پر ہم نے تمام رجسٹر شدہ کواپریٹیو سوسائیٹز کو بلایا ہے تاکہ ان کو مختلف سرکاری اسکیموں سے متعارف کیا جائے اور وہ ان سے استفادہ کرسکیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے یہاں کلیئرنس سیل رکھی ہے جہاں سستے داموں پر مختلف چیزوں کو فروخت کیا جا رہا ہے اور لوگوں کا بھی کافی رش ہے’۔

سیاحوں کی شکایت کہ انہیں ہینڈ میڈ کے بجائے مشین میڈ چیزیں فروخت کی جا رہی ہیں، کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف ڈائرکٹر نے کہا: ‘اس کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور فوری کارروائی بھی کی گئی اور ایک شو روم کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی گئی’۔

انہوں نے کہا: ‘کشمیر میں جتنے بھی ہینڈ لوم شو روم ہیں ان کو ایک نوٹس بھیجاگیا ہے کہ اپنے شو روم سے تمام مشین میڈ چیزوں کو نکالیں’۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح خریداروں کا اعتماد بڑھ جاتا ہے۔

ڈائرکٹر نے کہا کہ محکمہ ان کاریگروں کے لیے اسکیمیں پیش کر رہا ہے جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، جس میں بغیر کسی گارنٹر کے 20 لاکھ روپیے تک کے قرضے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں کا مقصد مقامی نوجوانوں اور روایتی کاریگروں کو انٹرپرینیورشپ کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img