سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اودھم پور میں جمعرات کو پیش آنے والے سڑک حادثے میں سی آر پی ایف جوانوں کے زیاں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ ضلع اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں جمعرات کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں دو جوان جاں بحق جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
منوج سنہا نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘اودھم پور کے قریب ایک حادثے میں سی آر پی ایف کے جوانوں کے زیاں پرغمزدہ ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘ قوم کے لیے ان کی مثالی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔انہوں نے کہا: ‘میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں’۔انہوں نے اعلیٰ حکام کو بہترین ممکنہ دیکھ بھال اور مدد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔