واشنگٹن،: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں جنگ بندی کے حوالے سے جلد ہی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کر سکتے ہیں، اس ملاقات کے بعد یوکرین اور روس کے درمیان جنگ ختم ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مسٹر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف نے بدھ کو پوتن سے ملاقات کی تھی، مسٹر ٹرمپ نے اس ملاقات کو اہم قرار دیا۔ کریملن نے اسے ایک مفید گفتگو بھی قرار دیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اوول دفتر میں جب ان سے مستقبل قریب میں ملاقات کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو امریکی صدر نے کہا کہ آج ہماری صدر (ولادیمیر) پوتن کے ساتھ کافی اچھی بات چیت ہوئی اور اس بات کا پورا امکان ہے کہ ہم اس مسئلے کو ختم کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ ڈگر مشکل ہے، لیکن اس بات کا امکان ہے کہ بہت جلد ملاقات ہو جائے‘‘۔ مسٹر ٹرمپ کا یہ تبصرہ ماسکو میں روسی صدر پوتن اور امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کے درمیان ہوئی ملاقات کے بعد آیا ہے – انھوں نے کہا کہ اب تک کامیابی نہیں ملی ہے، انھوں نے معاہدے کے لیے ٹائم لائن پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سے پہلے بھی مایوس ہو چکا ہوں‘‘۔
قبل ازیں پوتن-وٹکوف ملاقات کے بعد مسٹر ٹرمپ نے ٹیلی فون پر یورپی رہنماؤں سے بات کی اور کہا کہ وہ جلد ہی روسی صدر پوتن سے ملنا چاہتے ہیں ، ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے شروع میں اس کے بعد روسی رہنما اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ سہ فریقی بات چیت ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کے دو اہلکاروں نے بتایا کہ مسٹر پوتن نے ماسکو میں وٹکوف کے ساتھ روسی رہنما کے آمنے سامنے ملاقات کے دوران مسٹر ٹرمپ سے ملاقات کی تجویز دی تھی، جس کے بعد امریکی صدر کے معاونین نے فوری طور پر ان ملاقاتوں کی منصوبہ بندی شروع کر دی، تاہم کسی مقام کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق کئی پہلوؤں پر بات ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان بات چیت اگلے ہفتے یا اگلے دو ہفتوں کے اندر ہو سکتی ہے۔
یو این آئی