سری نگر: سری نگر کے مضافاتی علاقہ پانتھہ چوک میں واقع بٹالین ہیڈ کوارٹرز سے بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) کا ایک جوان گذشتہ شام دیر گئے لاپتہ ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی) سوگم چودھری ساکن اتر پردیش جو 60 ویں بٹالین بی ایس ایف کی ‘سی’ کمپنی میں خدمات انجام دے رہا ہے، 31 جولائی 2025 کی شام سے پانتھہ چوک میں واقع بٹالین ہیڈ کوارٹرز سے لاپتہ ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ پانتھہ چوک بس اسٹینڈ، ٹیکسی اسٹینڈ اور سری نگر ریلوے اسٹیشن سمیت آس پاس کے علاقوں میں بی ایس ایف کی خصوصی ٹیموں کی طرف سے سخت تلاشی آپریشن چلانے کے باوجود لاپتہ جوان کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے’۔
بی ایس ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے کسی بھی تخریبی زاویے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا: ‘وہ کسی ذاتی مسئلے کی وجہ سے ہیڈ کوارٹر چھوڑ کر چلا گیا ہوگا’۔