جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے پرانے راستے پر تیز بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے نتیجے میں ایک یاتری کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح بن گنگا کے نزدیک ایک لنگر کے پاس پیش آیا جب ایک بھاری بھرکم مٹی کا تودا نیچے گر آیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کم از کم 7 یاتری زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ واقعہ پیش آتے ہی بچائو آپریشن شروع کر دیا گیا اور زخمیوں کو علاج و معاجے کے لئے فوری طور نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے شدید زخمی یاتریوں کو نارائن ہسپتال کٹرہ ریفر کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک یاتری زخموں کی تاب نہ لا کر دم تور گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ بچائو آپریشن جاری ہے اور حکام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس، شرائن بورڈ عملہ اور مقامی رضا کار روڈ صاف کرنے میں ہمہ تن مصروف عمل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں روزانہ 18 سے 20 ہزار یاتری حاضری دیتے ہیں۔