جمعہ, فروری ۲۰, ۲۰۲۶
15.6 C
Srinagar

چاڈورہ پل کے نزدیک متبادل رابطے کے لئے بیلی برج پر کام جلد شروع ہونے کا امکان: حکومت

جموں: جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو اسمبلی میں تصدیق کی ہے کہ بڈگام کے قصبہ چاڈورہ میں واقع مرکزی پل کو حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد دوبارہ غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے جو اس سے قبل بھی دو مرتبہ شدید نقصان سے دوچار ہو چکا ہے۔
حکومت نے بتایا کہ پل کو 2014 کے سیلاب میں جزوی نقصان پہنچا تھا، جس کی مرمت 2015 میں مکمل کی گئی تھی تاہم گزشتہ ہفتوں میں آئے اچانک فلیش فلڈز نے اس ڈھانچے کو ایک بار پھر کمزور کر دیا، جس کے بعد اسے عوامی آمدورفت کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔

ایک تحریری سوال کے جواب میں کہا گیا کہ پل کی موجودہ حالت کا تکنیکی جائزہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر کے ماہرین نے لیا ہے۔ ماہرین کی رپورٹ اور سفارشات اب متعلقہ محکمے کے زیرِ غور ہیں اور مستقل بحالی، مضبوطی اور ممکنہ تعمیرِ نو سے متعلق حتمی فیصلہ مالی وسائل کی دستیابی اور تکنیکی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق مرکزی پل کی بحالی تک ٹریفک کی نقل و حرکت برقرار رکھنے کے لیے نئے بس اڈہ روڈ کو عارضی متبادل راستے کے طور پر فعال رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک بیلی برج نصب کرنے کے لیے عارضی ابٹمنٹ کی تعمیر جاری ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد ہلکی اور درمیانی گاڑیوں کی آمدورفت مزید آسان ہو جائے گی۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ بس اڈہ کے نزدیک بیلی برج سے متعلق باقی کاموں کو ٹینڈر کے مرحلے میں ڈال دیا گیا ہے اور ٹینڈرنگ مکمل ہوتے ہی کام زمینی سطح پر شروع کر دیا جائے گا۔محکمہ نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی سہولت اور ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ہنگامی اور مستقل اقدامات تیزی کے ساتھ کیے جا رہے ہیں، تاکہ چادورہ کے مرکزی رابطہ نظام کو بحال اور محفوظ بنایا جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img