نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز 16ویں روزگار میلے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں 51 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو تقرری نامے تقسیم کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے آج بتایا کہ مسٹر مودی اس موقع پر نو منتخب ملازمین سے خطاب بھی کریں گے۔
روزگار میلہ روزگار کے مواقع کو اولین ترجیح دینے کے حکومتی عزم کو پورا کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔ روزگار میلہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم رول ادا کرے گا۔
ملک بھر میں روزگار میلوں کے ذریعے اب تک 10 لاکھ سے زائد تقرری نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ روزگار میلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا، یہ تقرریاں مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے ملازمین وزارت ریلوے، وزارت داخلہ، محکمہ ڈاک، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت ، محکمہ مالیاتی خدمات، محنت و روزگار کی وزارت اور دیگر محکموں اور وزارتوں میں شامل ہوں گے۔