جموں:شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ نے شری امرناتھ جی یاترا کے لئے مزید رجسٹریشن کاؤنٹر کھولنے کے مطالبے کے حق میں جمعرات کو یہاں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ‘رجسٹریشن کائونٹر اور کھولو اور کھولو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے میڈیا کو بتایا: ‘ہماری لیفٹیننٹ گورنر صاحب سے اپیل ہے کہ یاترا کا رش بڑھ رہا ہے،عقیدت مندوں کو پانچ پانچ چھ چھ دن انتظار کرنا پڑتا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘کاؤنٹروں پر لمبی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں بارشوں کے باوجود عقیدت مند لمنی قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں اگر مزید 7 کائونٹر کھولے جائیں گے تو اس سے آسانی ہوگی’۔ان کا کہنا تھا: ‘ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام متعارف کیا جانا چاہئے تاکہ عقیدت مندوں کو سہولیت میسر ہو’۔
مسٹر گپتا نے کہا کہ پہلے ایک ہفتے کے دوران ہی ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں لیکن مزید رجسٹریشن کائونٹر کھولنے کی اشد ضرورت ہے۔قابل ذکر ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا احسن طریقے سے چل رہی ہے۔امسال 38 دنوں کو محیط یہ پوتر یاترا 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
