سری نگر: وزیر تعلیم و صحت سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ اسکولوں کے نئے اوقات حتمی نہیں ہیں ان میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اگر مطالبہ ہے تو اس کو ہم دیکھ لیں گے۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں دو ہفتوں کی گرمائی تعطیلات کے بعد منگل صبح اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں۔نئے اوقات کار کے مطابق وادی میں میونسپل حدود کے اندر آنے والے اسکول صبح ساڑھے7 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک جبکہ میونسپل حدود سے باہر کے اسکول صبح 8 بجے سے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
اس ضمن میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سکینہ یتو نے کہا ’آج سےا سکول کھلے ہیں جو اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے اس کے متعلق کافی لوگ فون کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’یہ کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہے اس میں تبدیلی کی جا سکتی ہے اگر لوگوں کا مطالبہ ہے تو ہم اس پر غور کرسکتے ہیں‘۔
انہوں نے ان باتوں کا اظہار منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں کیا۔
وزیر تعلیم نے کہا ’لوگوں اور بچوں کو گھبرانا نہیں چاہئے ہمارا مقصد صرف یہ ہے بچوں کو اچھی تعلیم مل سکے اور وہ مقررہ وقت پر اپنا سلیبس مکمل کرسکیں‘۔
انہوں نے کہا ’اب پڑھائی کے صرف دو ماہ ہی رہ گئے ہیں اکتوبر میں امتحانات ہوں گے تب تک سلیبس مکمل ہونا چاہئے۔‘