سری نگر: وادی کشمیر میں دو ہفتوں کے گرمائی تعطیلات کے بعد منگل کی صبح اسکول دوبارہ کھل گئے۔
واضح رہے کہ شدید گرم لہر کے پیشِ نظر محکمہ تعلیم نے وادی کشمیر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 23 جون سے 15 روزہ گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
وادی کشمیر میں نئے اوقات کار کے مطابق تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول منگل کی صبح دوبارہ کھل گئے۔
تفصیلات کے مطابق وادی کے شہر و گام میں بچوں کو صبح سویرے ہی وردیوں میں ملبوس اسکولوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ نجی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو اپنے اسکولوں کی گاڑیوں کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
وزیر تعلیم سکینہ یتو نے گذشتہ روز ایکس پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے منگل سے اسکول دوبارہ کھلنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا‘ہم وادی اور جموں کے سرمائی زون میں منگل سے سکول دوبارہ کھول رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا’میونسپل حدود کے اندر آنے والے اسکول صبح ساڑھے7 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ میونسپل حدود سے باہر کے اسکول صبح 8 بجے سے 12 بجے تک کھلیں گے۔
ادھر نئے اوقات کار کو کچھ والدین نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا’جن بچوں کے اسکول ان کی رہائش گاہوں سے دور واقع ہیں ان کا ان اوقات کے مطابق اسکول جانا کافی مشکل ہے۔‘
اعجاز احمد نامی ایک والد نے بتایا ’مجھے بچے کو زیادہ سے زیادہ 5 بجے ہی نیند سے اٹھاکر اسکول کے لئے تیار کرنا ہوگا۔ جب اس کی نیند پوری نہیں ہوئی ہوگی تو ظاہر سی بات ہے کہ کلاس روم میں اس پر نیند کا غلبہ ہوگا۔‘انہوں نے کہا7 یا 8 سال کے
بچے کو اس وقت اٹھانا مشکل کام ہے۔
وادی میں گذشتہ روز کی موسلا دھار بارشوں کے بعد موسم قدرے خوشگوار ہوا ہے اور محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش
گوئی کی ہے۔