جموں،: سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ، پیر کی صبح 8,605 یاتریوں پر مشتمل امرناتھ یاترا کا چھٹا قافلہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کشمیر کے لیے روانہ ہو گیا۔ حکام کے مطابق، اب تک 70ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے مقدس امرناتھ گپھا میں حاضری دی ہے۔چھٹے قافلے میں 6,486 مرد، 1,826 خواتین، 42 بچے اور 251 سادھو شامل ہیں۔ یہ قافلہ صبح 3:30 سے 4:25 بجے کے درمیان 372 گاڑیوں کے ذریعے بالہ تل اور پہلگام کی طرف روانہ ہوئے۔
قافلے کی روانگی کے وقت ’بم بم بھولے‘ اور ’ہر ہر مہادیو‘ کے نعروں سے جموں کی فضائیں گونج اٹھیں۔اب تک 3.5 لاکھ سے زائد افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ جموں میں یاتریوں کے لیے 34 رہائشی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جب کہ 12 رجسٹریشن کاؤنٹرز پر فوری اندراج کا بھی انتظام ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جموں سے بانہال اور لکھن پور تک مختلف مقامات پر 106 قیام گاہیں قائم کی گئی ہیں، جہاں بیک وقت 50,000 سے زائد یاتریوں کے رہنے سہنے اور کھانے پینے کا انتظام موجود ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، امسال یاترا کے لیے 180 کمپنیوں پر مشتمل مرکزی نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 30 کمپنیاں زیادہ ہیں۔ جموں ڈویژن میں سیکیورٹی کو کثیر سطحی حصار میں رکھا گیا ہے تاکہ یاتریوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔





