جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
32.4 C
Srinagar

بانڈی پورہ اور سرینگر میں نہانے کے دوران دو نوجوان غرقاب، دونوں کی لاشیں بازیاب

سری نگر،: وادی کشمیر میں شدید گرمی کے دوران نہانے کے دو الگ الگ واقعات میں دو نوجوان دریائے جہلم میں غرقاب ہو گئے، جن کی لاشیں بعد ازاں بازیاب کر لی گئیں۔ یہ افسوسناک واقعات بانڈی پورہ کے حاجن اور
سرینگر کے بٹہ وارہ علاقوں میں پیش آئے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں جمعے کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب 13 سالہ شاہد احمد نہانے کے دوران اچانک پانی میں ڈوب گیا۔ آس پاس موجود لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی عمل میں لائی اور لڑکے کو نکال کر نزدیکی اسپتال پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

شاہد احمد کی لاش جب اس کے آبائی گاؤں لائی گئی تو پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں جبکہ فضا سوگوار ہو گئی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
دوسرا واقعہ سری نگر کے بٹہ وارہ علاقے میں پیش آیا جہاں نماز جمعہ سے قبل 19 سالہ نوجوان عادل احمد ولد شکیل احمد نہانے کے دوران دریائے جہلم میں ڈوب گیا۔

مقامی افراد نے فوری طور پر حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے مقام پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کے دوران نوجوان کو پانی سے باز یاب کرکے ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے بھی مردہ قرار دیا۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ندی نالوں اور دریاؤں میں نہانے کا رجحان نوجوانوں میں بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث ہر سال متعدد افراد غرقاب ہوتے ہیں۔ اگرچہ انتظامیہ نے عوام سے بارہا اپیل کی ہے کہ وہ غیرمحفوظ مقامات پر نہانے سے گریز کریں، تاہم اس کے باوجود ایسے واقعات میں کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی۔

انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایسے مقامات پر نہانے سے گریز کریں جہاں حفاظتی انتظامات دستیاب نہیں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img