جمعرات, جولائی ۳, ۲۰۲۵
20.3 C
Srinagar

شری امرناتھ یاترا:منوج سنہا نے یاتریوں کے پہلے قافلے کو روانہ کیا

جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کی صبح یہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سخت حفاظتی بند وبست کے بیچ شری امرناتھ جی یاترا کے لئے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر شرائن بورڈ ، سول اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح کل 5 ہزار 8 سو92 یاتری 3 سو 10 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں کشمیر کے لئے روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے 2 ہزار 4 س 89 پہلگام جبکہ 3 ہزار 4سو 3 یاتری ننون کے لئے روانہ ہوئے۔

بتادیں کہ 38 دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ یاترا بہ یک وقت وادی کشمیر کے دونوں روایتی راستوں — پہلگام (48 کلومیٹر) اور بالہ تل (14 کلومیٹر) راستے سے شروع ہوگی۔یاترا کو جھنڈی دکھانے سے قبل منوج سنہا نے جموں کے یاتری نواس بیس کیمپ میں پوجا کی۔انہوں نے کہا: ‘ جموں و کشمیر انتظامیہ، شری امرناتھ شرائن بورڈ اور جموں و کشمیر کے باشندوں نے اپنے فرائض بخوبی نبھائے ہیں۔ سال 2022 سے امرناتھ یاترا کے لیے آنے والے یاتریوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘گھپا کی طرف جانے والے دونوں راستے پہلے چھ فٹ چوڑے تھے، جو اب 12 فٹ چوڑے ہیں’۔

ادھر یاتریوں کے روانہ ہوتے ہی ‘ہر ہر مہادیو’ اور ‘بم بام بھولے’ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ایک یاتری نے بتایا: ‘ ہم نے پہلے قافلے کا حصہ بننے کا منصوبہ بنایا۔ ہمیں کوئی ڈر نہیں ہے، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ سیکورٹی کے کافی بہتر انتظامات ہوں گے’۔انہوں نے کہا: ‘ انتظامات بہت اچھے ہیں کھانا، رہائش، صفائی ستھرائی اور تمام سہولیات کے بہت اچھے انتظامات کئے گئے ہیں’۔

دریں اثنا حکومت اور شرائن بورڈ نے یاتریوں کے لئے سیکورٹی اور دیگر سہولیات کے زبردست انتظامات کئے ہیں۔
جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار کے مطابق، اس سال یاترا ریلوے کے بجائے صرف سڑک کے ذریعے ہی کی جائے گی، تاکہ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں پر مکمل نگرانی رکھی جا سکے۔ اس ضمن میں جموں، کٹھوعہ، سانبہ، ادھمپور اور رام بن اضلاع میں 60 آر ایف آئی ڈی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن میں 141 لاجمنٹ مراکز اور 52 لنگر پوائنٹس کے علاوہ 24 گھنٹے فعال انفارمیشن ہیلپ ڈیسک یاتریوں کی رہنمائی کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ امسال شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img