ادھمپور: جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور کے دور افتادہ علاقے بسنت گڑھ میں جمعرات کی صبح سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ چھڑ گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مخصوص انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر علاقہ بیہالی میں تلاشی کارروائی شروع کی گئی،جس دوران فورسز پر فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔
پولیس ذرائع نے خبر رساں ادارے جے کے این ایس کو بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کا عمل جاری تھا کہ اسی دوران فورسز کو شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں جھڑپ شروع ہو گئی۔ علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ مزید کمک روانہ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب، شمالی کمان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پبلک انفارمیشن (اے ڈی جی پی آئی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر پوسٹ کرتے ہوئے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان کے مطابق:"مشخص انٹیلیجنس پر مبنی اطلاع ملنے کے بعد فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے بسنت گڑھ کے بیہالی علاقے میں مشترکہ کارروائی شروع کی۔ اس دوران دہشت گردوں کے ساتھ رابطہ قائم ہو گیا ہے اور آپریشن اس وقت جاری ہے۔"
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔