سری نگر: شری امرناتھ جی یاترا 2025 کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت جموں و کشمیر نے سیکورٹی کے وسیع تر اور سخت انتظامات کیے ہیں۔ حکام نے یاترا روٹوں پر اضافی نیم فوجی کمپنیوں کی تعیناتی کا حکم دیا ہے جبکہ سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز نے مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، جنوبی کشمیر کے پہلگام اور شمالی کشمیر کے بالہ تل روٹس پر بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی اور جموں و کشمیر پولیس کی اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان علاقوں میں ڈرون نگرانی اور ہائی وے پر باقاعدہ فلیگ مارچ جاری ہے۔
سرینگر کے زکورہ، حبک، کراسنگ، گلاب باغ اور پاندچھ جیسے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے اہم چوراہوں، بس اسٹاپس اور داخلی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ فورسز کی جانب سے مشکوک نظر آنے والے افراد کے شناختی کارڈز کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا، ’یاترا سے پہلے اور اس کے دوران کسی بھی قسم کی سیکورٹی چوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام اضلاع میں حساس مقامات کی شناخت کر لی گئی ہے اور وہاں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔‘
پولیس اور سول انتظامیہ نے تمام یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ راستوں اور رجسٹرڈ گاڑیوں کے ذریعے سفر کریں۔ ہر یاتری کو ’آر ایف ڈی‘شناختی کارڈ فراہم کیا جائے گا جسے ہر چیک پوائنٹ پر اسکین کیا جائے گا۔
یاترا کے آغاز سے قبل تمام اضلاع میں موک ڈرلز، ہنگامی ردعمل کی مشقیں اور سیکورٹی گرڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آئی جی کشمیر وی کے بردی اور دیگر اعلیٰ افسران خود فیلڈ کا معائنہ کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس یاترا میں لاکھوں کی تعداد میں یاتریوں کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظر ہر ممکن سیکورٹی انتظامات کو بروئے کار لایا گیا ہے تاکہ یاترا کو پرامن اور کامیاب بنایا جا سکے۔
موصوف افسر کے مطابق، یاترا کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام حساس علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید مستحکم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ تخریب کاری اقدامات، مشتبہ افراد کی نگرانی، اور اہم تنصیبات کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سری نگر شہر کے داخلی راستوں، تجارتی مراکز، اور اہم شاہراہوں پر چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں پر پولیس اور نیم فوجی دستے شناختی کارڈ کی جانچ، گاڑیوں کی تلاشی، اور مشتبہ حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور دیگر سیکورٹی ادارے مل کر یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ ان کے مطابق، یاترا کے دوران سیکورٹی زونز میں تعیناتی کا مربوط نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک اشیاء یا افراد کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں اور سیکیورٹی فورسز سے مکمل تعاون کریں۔