سری نگر: جموں و کشمیر کی گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ شب ماہ جون میں اب تک درج ہونے والی گرم ترین رات درج ہوئی جب درجہ حرارت 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جو موسمی لحاظ سے ایک تاریخی واقعہ ہے۔’کشمیر ویتھر’ کے مطابق ریکارڈ شدہ تاریخ میں پہلی بار، سری نگر میں ماہ جون میں شبانہ درجہ حرارت 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو ماہ جون میں اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ درجہ حرارت سری نگر میں ماہ مئی کے آخری ایام میں دن میں ریکارڈ ہوا کرتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ سری نگر میں موجودہ دن کا اوسط درجہ حرارت 29.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت 18.8 ریکارڈ ہوا ہے جو ماہ جون میں اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 25 سے 27 جون تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ جموں میں بھاری بارشوں کا امکان ہے۔محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کٹرہ میں سب سے زیادہ108.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ راجوری میں 80 ملی میٹر اور اودھم پور میں 71.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔پونچھ اور رام بن اضلاع میں بالترتیب48 ملی میٹر اور47.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔