بدھ, جون ۲۵, ۲۰۲۵
31 C
Srinagar

سی این این اور نیویارک ٹائمز تاریخ کےایک کامیاب فوجی حملے کو بدنام کر رہے ہیں:ٹرمپ

مانیٹرنگ ڈیسک

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر امریکی حملے سے متعلق خفیہ انٹیلیجنس رپورٹ کے لیک ہونے پرسی این این اور نیویارک ٹائمز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جعلی خبریں دینے والا سی این این، ناکام نیویارک ٹائمز کے ساتھ مل کر تاریخ کے سب سے کامیاب فوجی حملے میں سے ایک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ عوام نیویارک ٹائمز اور سی این این دونوں پر عوام شدید تنقید کر رہے ہیں۔‘یاد رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور نیویارک ٹائمز کے مطابق ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طورپر تباہ نہیں ہوئیں بلکہ صرف چند ماہ پیچھے چلی گئی ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اس رپورٹ کو ’مکمل طور پر غلط‘ قرار دیا ہے۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک 60 سیکنڈ کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں B-2 بمبار طیاروں کو فضا میں بم گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ پسِ منظر میں ایک میوزک ٹریک چل رہا ہے جس میں بار بار ایران پر بمباری کے الفاظ دہرائے جا رہے ہیں۔

یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان ایک نازک اور ابتدائی جنگ بندی معاہدہ طے پایا ہے اور اس طرح کے بیانات سے اس معاہدے پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے اور اس سے کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے دعوے میں کئی مرتبہ ان جوہری تنصیبات کی ’مکمل تباہی‘ کی بات کی گئی تھی۔

پیر کی صبح ٹرمپ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا نیٹورک ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں ایک بار پھر دعویٰ کیا گیا کہ امریکہ نے تمام ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے انھیں بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس کو بیان کرنے کے لیے ’درست اصطلاح مکمل تباہی ہے۔‘

Popular Categories

spot_imgspot_img