منگل, جون ۲۴, ۲۰۲۵
34.8 C
Srinagar

پونچھ کے متعدد علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کے بعد تلاشی آپریشن جاری

جموں: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کی صبح سکیورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، سی آر پی ایف اور راشٹریہ رائفلز کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے صبح 6 بجے کے قریب شروع کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ آپریشن سرنکوٹ اور مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں جاری ہے، جن میں ساری، اُستان، پٹھانخور، لوہار محلہ، چندی مار، پھاگل، ہری ٹاپ اور کاگوالی، جبکہ سرنکوٹ کے لیمبہ، اُچھاد اور کلر،گرسائی مینڈھرکے علاقے شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی مہم شروع کی ہے، جبکہ مقامی لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق،’مصدقہ اطلاعات ملی تھیں کہ کچھ مشتبہ افراد ان علاقوں میں سرگرم ہو سکتے ہیں، جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا۔‘انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے وسیع العریض جنگلی اور رہائشی علاقوں کو سیل کرکے فرارہونے کے ممکنہ راستوں پر سخت پہرے بٹھا دئے ہیں۔تاہم، آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی گرفتاری یا تصادم کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img